پاکستان نے بھارتی دہشتگردی کےخلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوپیش کردیا۔
زرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھارتی دہشتگردی کے ثبوت سے متعلق پاکستانی ڈوزیئر کی کاپی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو پیش کردی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یقین دلایا کہ وہ رپورٹ پر غور کریں گے اور اس کا جائزہ لیں گے۔
مستقل مندوب منیر اکرم نے ڈوزیئر میں دیے گئے مختلف شواہد کی روشنی میں بھارتی دہشتگردی پر سیکرٹری جنرل کو بریف کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا کہ بھارت سی پیک کو سبوتاژ کرنےکے لیے پاکستان میں دہشتگردی کروارہا ہے، بھارت نے سی پیک منصوبےکو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر کھلم کھلا دہشتگردی کی کاروایاں کر رہا ہے اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے، ڈوزئیر کی کاپیاں اقوام متحدہ کی انسداد دہشتگردی کی کمیٹی میں پیش کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے متعلقہ ذیلی اداروں کو بھی ڈوزیئرپیش کریں گے۔