بلاول بھٹو کا کورونا ٹیسٹ مثبت، بختاور کی منگنی میں شرکت نہیں کرینگے

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ بلاول بھٹو نے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کر دی۔

 جمعرات کو  سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر  نے اپنے  بیان  میں چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے تصدیق کی کہ  ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیاہے جس کے بعد انہوں نے  خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ وہ 30نومبر کو پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے ملتان کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے اور اپنی سیاسی سرگرمیاں گھر سے جاری رکھیں گے۔ 

بلاول بھٹو نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک پہنیں۔


کورونامیں مبتلا ہونے کے باعث چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکل بروز جمعہ اپنی بہن کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

بختاوربھٹوکی منگنی کی تقریب کل بروز جمعہ کو بلاول ہاؤس میں ہوگی لیکن کورونا وبا کے باعث بلاول ہاؤس میں تقریب کی سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں کیونکہ بلاول بھٹو کورونا کے باعث بہن کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے، وہ گھر کے مخصوص حصے میں قرنطینہ میں ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور منگنی کی تقریب میں کچھ دیر کے لیے شرکت کریں گے جب کہ بلاول ہاؤس کے اسٹاف کے تین ارکان میں بھی کورونا وائرس مثبت آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منگنی کی تقریب میں صرف مخصوص لوگ شرکت کریں گے اور دونوں خاندانوں کے افراد شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کے دعوت نامے پرمہمانوں کو کورونا احتیاطی تدابیراختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور تمام مہمانوں کو تقریب میں شرکت سے 24 گھنٹے قبل کورونا کے منفی ٹیسٹ کی اسکین کاپی بھی بلاول ہاؤس کو فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔