اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدر آمد ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اپوزیشن کو شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،کورونا کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن رہنماؤں کی عدم شرکت غیر ذمہ داری کا ثبوت ہے،اپوزیشن کی جانب سے پیغام دیا گیا انہیں اپنی سیاست عزیز ہے۔
پشاور جلسی کی ناکامی کے بعد اپوزیشن ہوش کے ناخن لیتے ہوئے دوسری سرگرمیاں منسوخ کر دے، عوام کے تحفظ کیلئے حکومت تمام اقدامات کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے آج پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن رہنما شریک نہیں ہوئے۔ پاکستان نے کورونا کی پہلی لہر پر کامیابی سے قابو پایا،دوسری لہر کے اعداد و شمار صورتحال کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا مقصد اتفاق رائے سے کورونا صورتحال سے نمٹنا ہے،اپوزیشن نے عدم شرکت سے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشی سرگرمیوں کے ساتھ کورونا کے پھیلا ؤکو بھی روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ اپوزیشن کی ترجیح نہیں ہے، عوام کے تحفظ کیلئے حکومت تمام اقدامات کرے گی۔