نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پشاور، کراچی اور حیدرآباد بالترتیب پہلے دوسرے اور تیسرے نمبر پر شامل ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں تمام چیف سیکرٹریز اور ماہرین صحت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
این سی او سی کے اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا مثبت آنےکی سب سےزیادہ شرح پشاور میں19.65 ریکارڈ کی گئی جب کہ کورونا مثبت آنے میں کراچی کا دوسرا نمبر ہے جہاں شرح 17.73 فیصد ہے، تیسرے نمبر پر حیدرآباد ہے جہاں شرح 16.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
آزاد کشمیر میں کورونا مثبت آنےکی شرح 10.79 فیصد، بلوچستان 6.41، گلگت بلتستان 4.81، اسلام آباد 5.84، کے پی 9.25، پنجاب 3.59، سندھ 13.25، لاہور 4.52، راول پنڈی 11.49، کوئٹہ 9.77 اور مظفرآباد میں 10.34 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
این سی او سی کا کہنا ہےکہ علمائے کرام اور شادی ہال مالکان کےساتھ میٹنگ میں ایس او پیز پر عمل درآمدیقینی بنانے پرزور دیاگیاہے۔
اس موقع پر این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کا تحفظ ہے، عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنانےکے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، وزارت صحت وقتاً فوقتاً صحت سےمتعلق ہدایات جاری کررہی ہے۔