نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی لندن سے وطن پہنچا دیا گیا ہے اور ان کی تدفین جاتی امرا میں آج ہوگی۔
یگم شمیم اختر کا جسد خاکی خصوصی پرواز کے ذریعے لندن سے لاہور لایا گیا، نواز شریف کی ہمشیرہ کوثر بیگم بھی میت کے ساتھ لاہور پہنچیں جب کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے لاہور ائیر پورٹ پر بیگم شمیم اختر کی میت وصول کی جسے شریف میڈیکل کمپلیکس جاتی امرا پہنچا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بیگم شمیم کی تدفین کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں، ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں بھی بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔ معروف عالم دین علامہ راغب نعیمی مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائیں گے اور انہیں جاتی امرا میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا، جہاں مرحوم شوہر میاں شریف، بیٹے عباس شریف اور مرحومہ بہو کلثوم نواز بھی آسودہ خاک ہیں۔
واضح رہے کہ بیگم شمیم اختر اتوار 22 نومبر کی صبح لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز لندن میں ادا کی گئی جس میں نواز شریف، سلیمان شہباز، عابد شیر علی، ناصر جنجوعہ، ڈاکٹر اشرف چوہان، ناصر بٹ اور دیگر شامل تھے، نماز جنازہ کے بعد میت کو پاکستان بھجوایا گیا تھا۔ بیگم شمیم اختر کی تدفین میں شرکت کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پرول پر رہا کیا گیا ہے۔