پنجاب حکومت نے پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے قاسم باغ کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا جبکہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) بھی 30 نومبر کو ہر صورت ملتان میں جلسہ کرنے کیلئے ڈٹ گئی۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلیاں جیالوں سے خوفزدہ ہیں، جو کرنا ہے کر لیں، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کے ساتھ یوم تاسیس منانے سے پیپلز پارٹی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قاسم باغ اسٹیڈیم نہ کھولا گیا تو پھر پورے ملتان کو جلسہ گاہ بنا دیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملتان جلسے میں قانون کی حکمرانی ہو گی، جو پریشان کریں گے ان کا قانونی علاج ہو گا، سیاہ کاری نہ ہوئی تو گرفتاری نہیں ہو گی۔