ملتان جلسہ: پی ڈی ایم کارکنان رکاوٹیں توڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل

ملتان میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکن  بپھر گئے، تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے قلعہ قاسم تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں علی حیدر گیلانی اور موسیٰ گیلانی نے کی۔

پولیس کی بھاری نفری بھی گھنٹا گھر چوک ملتان پر تعینات تھی اور ٹریفک پولیس نے روڈ سے ٹریفک اور گاڑیاں ہٹانا شروع کر دیں۔

پیپلز پارٹی کے کارکنان تمام رکاوٹیں اور پولیس حصار توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم میں داخل ہو گئے جب کہ پی پی رہنما عبد القادر گیلانی بھی گھنٹہ گھر سے جلسہ گاہ کے جانب روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر پولیس اور کارکنوں میں جھگڑا اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔

میڈیا سیل پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ گیلانی کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کا انتظام سنبھال لیا ہے، جیالے ریلی کی شکل میں قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے ہیں اور اسٹیڈیم یں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے کارکن بھی قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔

موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ ہر صورت جلسہ قلعہ کہنہ باغ اسٹیڈیم میں کریں گے، آج پولیس اور انتطامیہ کی تمام رکاوٹیں توڑ دی ہیں، دروازے توڑ کر ہم نے اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

  پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نیئر بخاری نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کے چار جلسوں نے سلیکٹڈ کے اعصاب خطا کر دیے ہیں،تاہم جیالے عمران خان کی طرح چھپ کر بیٹھنے والے نہیں۔