ساہیوال میں 8 سالہ بچی کیساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی، ایک ملزم گرفتار

 

ساہیوال: ساہیوال میں ایک 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کردیاگیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ساہیوال کے علاقے لاہوریاں والا میں جماعت دوم کی طالبہ 8 سالہ رخسانہ گذشتہ روز سامان لینے دکان گئی تھی اور جب کافی دیر تک نہ آئی تو گھر والوں نے تلاش کرنا شروع کیا

،کافی دیر بعد ایک محلے دار نے اطلاع دی کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان اس کی بیٹی کو گھر کے سامنے پھینک گئے ہیں۔

بچی کے والد کے مطابق ملزمان نے ایک مقدمہ درج کرانے کا بدلہ لینے کے لیے اس کی بیٹی کو قتل کیا،انہوں نے اس سے قبل اسے دھمکیاں بھی دی تھیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق 8 سالہ بچی کا مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے اور ابتدائی رپورٹ میں بچی سے زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں۔

بچی کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں سے ایک کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی میڈیکل رپورٹ موصول نہیں ہوئی، مزید تحقیقات جاری ہیں اور مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے۔