پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کی دوسری لہر اور تعلیمی اداروں کی بندش کے پیش نظر نرسری سے آٹھویں جماعت تک کے طلباء و طالبات کو پاس کرنے کیلئے فارمولہ متعارف کرا دیا ہے۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلی جماعت میں پروموشن ہوم ورک کی بنیاد پر ہوگی ٗاساتذہ نرسری سے مڈل جماعت تک کے طلبہ کوہفتہ وار ہوم ورک دینگے ٗ اور اسی بنیاد پر ان کی اگلی کلاس میں ترقی کا فیصلہ ہوگا۔
کورونا وائرس کی پہلی لہر کے باعث تعلیمی ادارے چھ ماہ تک بند رہے جس کے بعد انہیں دوبارہ کھولا گیا تاہم جلد ہی دوسری لہر پھیل گئی اور تعلیمی اداروں میں صرف ڈیڑھ سے دو ماہ تک ہی درس و تدریس کا عمل چل سکا۔
اب ایک مرتبہ پھر تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں اور ہفتے میں ایک کلاس لی جا رہی ہے جس کے باعث نصاب مکمل کرنا ناممکن ہو گیا ہے اسی تناظر میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ڈی ای اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہوم ورک کی بنیاد پر طلبہ کو پاس کریں تاہم ہوم ورک کی کڑی اور سخت نگرانی کی جائے اور جو طالب علم کوتاہی کرے اور اگلی کلاس میں پروموٹ نہ کیا جائے۔