کوہاٹ/اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام کے مسترد شدہ اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے لوگ ملتان میں کیا کر رہے ہیں؟۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ ان لوگوں کی آگ لگانے والی منفی ذہنیت بے نقاب ہوچکی ہے،اپنی لوٹ مار کی دولت بچانے کے لیے یہ غریب عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہاہے کہ کورونا ایک حقیقت ہے‘ جس نے عالمی سطح پر معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا مگر پاکستان میں تحریک انصاف نے معیشت کے ساتھ روزگار اور انسانوں کو بچانے کیلئے جو اقدامات اختیار کیے پوری دنیااس کی معترف ہے اور ہماری پالیسی کی تقلید کی جارہی ہے
جب پی ٹی آئی کو حکومت ملی تو معیشت بیمار خزانہ خالی اور ادارے مفلوج تھے کیونکہ سابقہ حکمرانوں نے ملکی مفادات پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی ہم نے معیشت کو سہارا دینے کیلئے مجبوراً آئی ایم ایف سے رجوع کیااور اس معیشت کے مثبت اہداف کے قریب پہنچ گئے۔
وہ ایک روزہ دورہ کے دوران کوہاٹ پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کررہے تھے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے‘۔
شبلی فراز نے کہاکہ عمران خان کی بہترین پالیسیوں کے سبب آج ہم مہنگائی کے مرحلہ وار خاتمے‘روزگارکی فراہمی‘ معیشت کے استحکام کی جانب بڑھنے میں کامیاب ہوچکے ہیں ہم ملک میں ایسا نظام لارہے ہیں جہاں مخصوص لوگوں کی نہیں عوام کی حکمرانی ہوجہاں قومی خزانے کی چوری کا خدشہ نہ ہوہم نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص اجاگرکیااوراسے ایک باوقار ملکوں کی صف میں لاکھڑا کیا۔
‘انہوں نے کہاکہ ملکی سطح پر احساس پروگرام اور خیبرپختونخوا میں صحت سہولت کارڈ کااجراء عمران خان کا غریب پرورپروگرام ہے‘ انصاف کی ہر شخص تک فراہمی‘ معیشت کو مضبوط کرناہماری بنیادی سوچ کا محور ہیں‘ انہوں نے کہاکہ کوہاٹ معدنی وسائل سے مالامال اور جنوبی اضلاع کا گیٹ وے ہے جو ذہنی لحاظ سے ایک زرخیز خطہ ہے مگر ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی اضلاع کو وہ ترقی نہ دی جو وقت کا تقاضا تھا ہم نے پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ان ہی اضلاع سے کیاہے اور اربوں روپے کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہی اس خطہ میں ترقی وخوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔
کوہاٹ سے اسلام آباد ورویہ سڑک جون 2021ء تک مکمل ہوجائیگی۔ہکلہ‘ کوہاٹ شاہراہ کی تکمیل سے عوام کو فائدہ ہوگاانہوں نے کوہاٹ کو درپیش بجلی اور گیس پریشر کی کمی کے مسائل بہت جلد حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی کوہاٹ پریس کلب گرانٹ اور میڈیا کالونی بارے انہوں نے عنقریب خوشخبری سنانے کا وعدہ کیا‘۔
قبل ازیں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری فیصل ندیم نے وفاقی وزیر اطلاعات کی خدمات میں سپاسنامہ پیش کیا‘ ایک روزہ دورہ کے دوران وہ ریڈیو پاکستان کوہاٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے باروم بھی گئے اور ان کے پیش کردہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔د
ریں اثناء ہفتہ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازکو این ایچ اے حکام کی جانب سے ہکلہ کوہاٹ،شاہراہ پر جاری تعمیراتی کام بارے بریفنگ دی گئی اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی بھی موجود تھے۔ بتایاگیاکہ ہکلہ۔کوہاٹ شاہراہ پیکیج ون 38.56 کلومیٹر، پیکیج ٹو 7.5کلومیٹر جبکہ پیکیج تھری 38 کلومیٹر ہے۔
این ایچ اے بریفنگ میں بتایاگیاکہ تینوں پیکیجز کے لئے فنڈز موجودہ حکومت نے جاری کیے،ہکلہ۔ کوہاٹ شاہراہ مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد تا کوہاٹ سفر 2 گھنٹے میں طے ہوگا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ روڈ تعمیر منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے۔