پشاور جلسہ، کورونا کیسز بڑھنے پر پی ڈی ایم منتظمین کیخلاف مقدمہ درج

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے دوسری لہر اورانتظامیہ کی جانب اجازت نہ دینے کے باوجود پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ کرنے پر سیاسی جماعتوں کے صدور اور ذمہ داروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرالی۔

 ایف آئی آر تھانہ پہاڑی پور ہ میں حکومت کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کی روشنی میں درج کی گئی ہے۔

 ایف آئی آر میں ایپیڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں ایف آئی آر کے متن کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کورونا پھیلاو کے پیش نظر اجازت نہیں دی تھی لیکن پھر بھی جلسہ کیا گیا۔

ایف آئی آر میں پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں اور صدور کے نام شامل کئے گئے ہیں۔

ایف آئی آر میں اسلحے کی نمائش اور ساؤنڈ سسٹم سمیت دیگر اشیا کا غیر قانونی استعمال بھی جواز بنایا گیا ہے۔

 ایف آئی آر کے مطابق اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ منعقد کرنے پر جمعیت علما اسلام(ف)کے ضلعی امیر مولانا مسکین شاہ، ضلعی صدر ن لیگ راشد محمود دادؤزئی، ضلعی صدر پی پی ملک سعید، ضلعی چیئرمین قومی وطن پارٹی الحاج ملک محمد سلیم، ضلعی صدر اے این پی ملک فرہادجبکہ کیٹرنگ عملہ، ساؤنڈ سسٹم، الیکٹریشن عملہ، لاجسٹک عملہ اور دیگر افراد جنہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ان کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔