سیالکوٹ کی نئی ائیرلائن 'ایئر سیال' کے تین طیارے پاکستان پہنچ گئیں

سیالکوٹ کی کاروباری برادری کی جانب سے شروع کی گئی ایئرلائن 'ایئر سیال' کے تین ایئربس اے 320-200ایس کے طیارے ایریزونا کے شہر فینکس سے اتوار کی صبح سویرے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچیں، کراچی سے طیارے نے سیالکوٹ کے لیے اڑان بھری جہاں اس نے رات ساڑھے 9بجے لینڈ کیا۔

ذرائع کے مطابق نجی ایئر لائن کا افتتاح 9 دسمبر کو متوقع ہے تاہم ایئر لائن کے فلائٹ آپریشنز کا آغاز بعد میں ہوگا۔

ایئر سیال کے وائس چیئرمین فضل جیلانی کا کہنا ہےکہ افتتاح کے فورا بعد ہی ایئر لائن اپنے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردے گی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو اور ہوائی جہاز جلد ہی سیالکوٹ پہنچیں گے، ان میں سے ایک طیارہ تین دسمبر کو فضائی بیڑے کا حصہ بنے گا۔

فضل جیلانی نے کہا کہ ہمارے پائلٹ اچھی طرح سے تربیت یافتہ ہیں اور محکمہ انجینئرنگ بین الاقوامی معیار پر عمل پیرا ہے، حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد اشرف ملک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایئر سیال اپنے آپریشنز کا آغاز کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور سیالکوٹ آنے یا جانے والی پروازوں سے کرے گا۔

واضح رہے کہ نجی ملکیت والی ایئر لائن کو 2017 میں ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعہ اپنے آپریشن چلانے کی اجازت مل گئی تھی، فی الحال یہ اندرون ملک کیلئے پروازیں چلائیں گی تاہم جلد ہی یہ انٹرنیشنل پروازیں شروع کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔