مریدکے،شیخوپورہ: سرکل مریدکے کے علاقہ دربار میراں شاہ کے قریب مسافر بس اور ویگن کے درمیان المناک حادثہ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے8افراد سمیت 14افراد جاں بحق جبکہ30سے زائد زخمی ہو گئے۔
حادثہ کے دوران مسافر ویگن کا ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے دونوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہو گئیں۔ ریسکیو1122نے جھلسنے اور زخمی ہونے والوں کو مریدکے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں سے پانچ شدید زخمی افراد کو میوہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے دو جواں سالہ سگے بھائی، ایک بہن بھائی اور ایک ماں بیٹا شامل تھے۔ بد قسمت خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گاؤں کلہ منڈیالہ جا رہا تھا کہ ان کی ویگن سامنے سے آنے والی تیزر فتار بس سے جا ٹکرائی۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کے مطابق گاڑیوں کو آگ ایل پی جی سلنڈر سے نہیں بلکہ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ نواحی گاؤں کلا منڈیالہ(تھانہ رعیہ) کے رہائشی خاندان کی فیروزوالہ کے علاقہ فتح ریحان میں شادی کی تقریب کے اختتام پر پورا خاندان ایک مسافر ویگن میں واپس اپنے گاؤں جا رہا تھا کہ نارووال روڈ پر دربار میراں شاہ کے قریب ان کی ویگن سامنے سے آنے والی تیزر فتار مسافر بس سے جا ٹکرائی۔
حادثہ رونما ہوتے ہی ویگن میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور آگ نے بس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث بدقسمت خاندان کے 8 افراد سمیت 14 افراد جاں بحق اور30 سے زائد زخمی ہوگئے جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کی نعشیں بری طرح جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہوچکی ہیں۔