ہمیں کوئی مارے گا تونہ خاموش بیٹھیں گے نہ کوئی رعایت کریں گے۔مولانا فضل الرحمان

 پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی مارے گا تونہ خاموش بیٹھیں گے اور نہ ہی ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت ہوگی۔

ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر جلسہ کریں گے اور اس وقت تک ملتان سے نہیں نکلیں گے جب تک جلسہ کرکے نہیں دکھاتے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی حالات ہوں گے، ہم ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی، ہمیں کوئی مارے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
جلسے کے مقام سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم صورتحال کو دیکھیں گے کہ جلسہ کہاں کرنا ہے لیکن جلسہ کریں گے اور کنٹینرز کی بھی ایسی کی تیسی ہوجائے گی۔

اس موقع پر مولانا نے واضح کیا کہ انصارالاسلام کوئی اسکواڈ نہیں بلکہ رضا کار ہیں اور ان کے ہاتھ میں تنظیمی امور ہوتے ہیں اجتماع کو سنبھالنے کے لیے، وہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ پوری قوم، پوری جماعت اور پوری پی ڈی ایم کے خادم ہیں اور جلسے کے سامنے رکاوٹوں کو دور کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

وزیرقانون پنجاب کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاری سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم انہیں پہلے گرفتار کرلیں گے وہ گرفتار کروانے والا کون ہوتا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری کی ملتان جلسے سے سیاست میں اینٹری سے متعلق ایک صحافی کےسوال پر پی ڈٰی ایم کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، وہ اپنی پارٹی کی نمائندگی کر رہی ہیں، ان کو یہ حق حاصل ہے اور یہ ان کی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، جو بھی ان کی نمائندگی کرے گا پی ڈی ایم کی سطح پر کرے گا اور انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش پر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کوئی رکاوٹیں کام نہیں آئیں گی، ہم جلسہ گاہ جائیں گے اور جہاں جو رکاوٹ ہوگی اس سے وہیں نمٹیں گے۔