ملتان:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ دیدیا، سلیکٹڈ کو اب جانا ہوگا۔
ذوالفقار علی بھٹو نے پارٹی کی بنیاد عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست کیلئے رکھی تھی، وہ اس مقصد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے،بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کا مشن جاری رکھا اور اس راہ میں شہادتیں قبول کیں۔
ایم آر ڈی کی طرح پی ڈی ایم کی تحریک میں بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے،اگر ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت اپنی گرفتاری دینے اور اس عمل میں جدوجہد کے لیے تیار ہے۔
ملتان میں گھنٹہ گھر چوک پر پی ڈی ایم کے جلسے میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرنے والی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ میں خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ سلکیٹڈ حکومت کے ظلم و جبر کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ا
نہوں نے کہاکہ آج عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا، اب حکومت کو جانا ہوگا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست کے لیے رکھی تھی اور وہ اس مقصد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کا مشن جاری رکھا اور اس راہ میں شہادتیں قبول کیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے عوامی جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ میں ایسے وقت پر آپ کے سامنے آئی ہوں جب پارٹی چیئرمین اور میرے بھائی بلاول کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم آر ڈی کی طرح پی ڈی ایم کی تحریک میں بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اگر ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت اپنی گرفتاری دینے اور اس عمل میں جدوجہد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اس سلیکٹڈ حکومت سے عوام کو بچائیں گے۔