حکومت کو گھر بھیجنے کی تحریک آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، مریم نواز

ملتان:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف  نے کہاہے کہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے جبکہ کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔

پی ڈی ایم کی تحریک اس حکومت کو گھر بھیجنے کے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، 22کروڑ عوام سے وعدہ ہے عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مجھے جیل بھی جانا پڑے تو کوئی پرواہ نہیں ۔

کووڈ18 عمران خان جب چلا جائے گا تو کووڈ19بھی چلا جائے گا، پاکستان کو لگنے والے نااہلی،نالائقی،لاقانونیت کے وائرس کے علاج کیلئے اس ملک کے خطرناک وائرس کا علاج کرنا ہوگا۔

آج شریف خاندان پر ایک بار پھر دکھ کا پہاڑ ٹوٹا ہے لیکن 22 کروڑ عوام کے دکھ کے سامنے ہمارے دکھ کچھ نہیں، نواز شریف نے کہا کہ عوام کے دکھوں پر اپنے ذاتی دکھ قربان کیونکہ آج عوام کے روزگار چھن جانے، کاروبار کو تالا لگ جانے کا غم ہے، آج روٹی 30 روپے ہوجانے اور چولہے ٹھنڈے ہو جانے کا غم ہے، عوام کے گھروں میں غموں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

 اللہ تعالیٰ دشمن بھی کسی کو دے تو ظرف والا دے 'ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں دشمن بھی ملا تو کم ظرف ملا، ایک خاتون وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ماں کی لاش پاکستان پارسل کردی، میرے والد لندن میں کاؤنٹی کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے، نواز شریف جیسا فرمانبردار بیٹا پورے پاکستان میں ڈھونڈ کر لا۔

 ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد ان کے خاندان کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی، اکبر بگٹی کو قتل کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی جاتی، بینظیر بھٹو کو شہید کیا جاتا ہے اور قاتلوں کو ملک سے باہر فرار کرا دیا جاتا ہے، میرے دادا کا انتقال ہوا تو مجھے،میرے والد کو ان کا جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

 میری ماں فوت ہوئی تو نوازشریف جیل کا ٹ رہا تھا، ہمیشہ یہ سلوک عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ کیوں کیا جاتا ہے، بندوق کے زور پر دس دس سال حکومت کی جاتی ہے،آئین کو توڑا جاتا ہے،کوئی مشرف کو ایک دن بھی جیل میں رکھ سکا، راتوں رات اسے باہر بھاگا دیا گیا ،کسی میں جرات ہے اس کو وطن واپس لانے کی۔

 سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ اس چیز پر توجہ دے کر یہ چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس پر سانپ بن کر بیٹھا تھا کس کس نے باہر کے ملکوں سے اربوں روپے لئے،یہ ثبوت عوام کے سامنے آجائے کہ اسرائیل کے حق میں جو مہم چلا رہے ہیں اس کے پیچھے کون ہے۔

وہ پیر کو ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کررہی تھیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان والوں کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہوں، جلسے کی اجازت نہیں تھی،کارکنوں کو گرفتار کیا گیا پھر بھی ملتان آئی، ملتان واخل ہوتے ہی جلسہ ہوا، ملتان کی گلی میں جلسہ ہوا، ملتان والوں نے عمران خان کو بھاگا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتی ہوں اور آصفہ بھٹو کو خیر مقدم پیش کرتی ہوں،پاکستان پر جب مشکل آتی ہے تو پاکستان کی بیٹیاں 22کروڑ عوام کیلئے نکلتی ہیں،نوازشریف کی ماں اللہ کو پیاری ہوگئیں۔

نوازشریف نے مجھے کہا کہ اپنے دکھوں کو گھر چھوڑ کر جانا،ہمارے دکھ عوام کے دکھوں کے لئے نکلے ہیں، عوام کے دکھ ہم سے بہت بڑے ہیں، عوام کے دکھوں کے لئے ذاتی قربان، پاکستان کی عوام تکلیف میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عوام کوروٹی30روپے ہونے، کاروبار کو تالہ لگنے، چولہے ٹھنڈے ہونے اور دوائیاں مہنگی ہونے کا غم ہے، عوام کے گھروں میں غموں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، اللہ دشمن بھی ظرف والا دے،ہمارا المیہ ہے کہ ہمیں دشمن بھی کم ظرف ملا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا وعدہ پورا ہوا، ڈھائی سال بعد عوام جان چکی ہے، جنوبی پنجاب بنانے کا وعدہ بھی فراڈ تھا، مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو جنوبی پنجاب اتحاد میں شامل کیا گیا، آج جنوبی پنجاب اتحاد کے سرغنہ آٹا چینی چوری میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتا تھا ابھی میٹرو نہیں بناؤں گا، عوام نے دیکھا پھر اس نے تھوک کر چاٹا، خیبرپختونخوا بس بنی، اللہ سے دعا ہے خیبرپختونخوا کے لوگو ں کو محفوظ رکھے، وہی نااہل اور نالائق پاکستان کی بس چلا رہے ہیں،دوسلیکٹر مل کر بس کو دھکا لگا رہے ہیں لیکن یہ بس چلنے کا نام نہیں لے رہی۔

کہتے تھے عمران خان بندہ ایماندار ہے، نیازی سروس ٹیکس  بچانے کیلئے بنائی، علیمہ باجی نے سلائی مشینوں سے اربوں روپے کمائے لیکن یہ بندہ ایماندار ہے، بنی گالہ کا محل بن گیا،  فارن فنڈنگ کیس سے چھ سال سے بھاگا ہوا ہے، بلین ٹری میں  عوام اربوں روپے غائب ہوگئے  لیکن بند  ہ اندار ہے 

۔انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی  عمران خان نے اعتراف کیا کہ گندم درآمد کرنے میں دیر ہوئی،عوام کی جیبوں پر 200ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا،گندم کی کٹائی کے وقت آٹا غائب ہوگیا، آٹا چینی چور اس کے گھر کے خرچے چلا رہے ہیں  لیکن یہ بندہ ایماندار ہے،کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا، پہلے مافیا سے چندے لیتا ہے اور عوام کی جیبوں پر لوٹ مار کی اجازت دیتا ہے،این آر او بھی دیتا ہے اور کھانے کی اجازت بھی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیریوں کا مقدمہ ہار کر آگیا ہے،کشمیر کو مودی کی جھولی میں ڈال کر آگیا ہے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ اس چیز پر توجہ دے کر یہ چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس پر سانپ بن کر بیٹھا تھا کس کس نے باہر کے ملکوں سے اربوں روپے لئے،یہ ثبوت عوام کے سامنے آجائے کہ اسرائیل کے حق میں جو مہم چلا رہے ہیں اس کے پیچھے کون ہے۔