راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیر قومی دفاع وائی فنگ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
دونوں افواج کے مابین دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیر قومی دفاع نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
معزز مہمان نے پاک فوج کی علاقائی امن اور سی پیک منصوبوں کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔
معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ چینی وزیردفاع نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ دونوں افواج کے مابین دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔
آرمی چیف نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں تمام اہم امور پر چین کی پاکستان کے لئے حمایت پر معزز مہمان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہے، دونوں ممالک ہر معاملے پر ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی امور پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں، پاکستان اور چین کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ ہم ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔