بلوچستان سے ناموس رسالتؐ پیدل مارچ1400کلومیٹر مسافت طے کرکے راولپنڈی پہنچ گیا

 فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف ملک میں جاری احتجاج کے سلسلہ میں بلوچستان کے ضلع کچھی بولان سے تحفظ ناموس رسالت صلی الله علیہ وآلہ وسلم پیدل مارچ راولپنڈی پہنچ گیا۔

تحفظ ناموس رسالت پیدل مارچ تحریک نوجوانان پاکستان بلوچستان کی جانب سے کیا جارہا ہے جو یکم نومبر کو بلوچستان کے ضلع کچھی بولان سے شروع ہوا اور 31 دن مسلسل پیدل چلتے ہوئے تقریباً 14 سو کلومیٹر کی مسافت طے کرکے منگل کی صبح راولپنڈی پہنچا۔

مارچ کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانسیسی حکومت کے خلاف مذمتی نعرے درج تھے۔

تحریک نوجوانان پاکستان بلوچستان کے صوبائی ترجمان و مارچ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کی خاطر احتجاج ریکارڈ کرانے پیدل بلوچستان سے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پریس کلب تک جائیں گے اوروہاں بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی حکومت اور فرانسیسی صدر کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔