پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کی فوجوں کے مابین دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔
ذرائع کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے قومی دفاع کے وزیر جنرل وی فینگ ہی نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور اضافی دو طرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات دونوں ممالک کی فوجوں کے مابین دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
جنرل وی فینگ ہی نے علاقائی امن کے لیے کوششوں اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کی تعریف کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی اور عالمی فورمز پر تمام معاملات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر چین کے وزیر قومی دفاع کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ آزمودہ اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ' ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور مستقبل کے چیلنجز کی صورت میں ہمارے تعلقات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا'۔