وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے برازیل حکومت کی فراہم کردہ معلومات پر نارووال میں کاروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ریاض نامی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ ۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ برازیل حکومت نے ملزم سے متعلق معلومات پاکستان کو دی تھیں، انٹرپول کے ذریعے ملنے والی معلومات کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے 600 سے زائد بچوں کی فحش ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم کا لیپ ٹاپ اور دوسری ڈیوائسز تحویل میں لے کر انہیں پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوایا گیا ہے تاکہ ان کی جانچ پڑتال کرکے مزید معلومات اور شواہد مل سکیں۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم چائلڈ پورنو گرافی کے عالمی گروہ سے رابطے میں تھا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدالت سے چار روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسلام آباد سے بھی انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ سہیل ایاز کو گرفتار کیا گیا تھا جسے گزشتہ دنوں عدالت نے معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی، اغواء ،پورن وڈیو بنانے کا جرم ثابت ہونے پر 3 بار پھانسی اور 3 بار عمر قید کی سزا سنائی ہے۔