پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی میں ایک روز کی توسیع کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے (ن) لیگ کی درخواست پر محکمہ داخلہ اور قانون سے مشاورت کی جس کے بعد دونوں کی پیرول پر رہائی کی مدت میں ایک روز کی توسیع کی منظوری دی جس کی تصدیق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کی۔
رہنما مسلم لیگ (ن) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست کل پنجاب حکومت کو دی تھی تاہم ابھی تک سرکاری طور پر ہمیں نہیں بتایا گیا کہ توسیع ہوئی ہے یا مسترد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا 22 نومبر کو لندن میں انتقال ہوا تھا جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو جمعہ 27 نومبر کو 5 روز کے لیے پے رول پر رہا کیا تھا ،اور پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہورہی تھی، جس پر گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی تھی۔