عدالت نے وفاقی حکومت کو پٹرول بحران اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کے لیے 14 دسمبر تک کی مہلت دیدی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پٹرول بحران اور قیمتوں میں اضافہ سے متعلق کیس کی سماعت پرایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ پٹرول بحران کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں، تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کے لیے کابینہ کو بھجوادی ہے۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ قاسم خان نے کہا کہ رپورٹ اب تک عوام کے سامنے کیوں نہیں لائی گئی، اگر آئندہ سماعت تک رپورٹ پبلک نہ کی تو تمام فریقین عدالت میں پیش ہوں گے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کل کابینہ کے اجلاس میں رپورٹ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھی، تاہم آئندہ کابینہ کے اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے۔
جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم عمران خان تو کہتے ہیں ہر معاملے کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے پھر یہ کیوں نہیں ہوئی؟
عدالت نے وفاقی حکومت کو رپورٹ پبلک کرنے کے لیے 14 دسمبر تک مہلت دیدی۔ چیف جسٹس قاسم خان نے رپورٹ پبلک نہ کرنے کی صورت میں 14 دسمبر کو کمیشن کے سربراہ ابوبکر خدابخش کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔