مہلک کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران محض 5 دن میں ملک بھر میں 10 ڈاکٹرز کورونا کےباعث زندگی کھو بیٹھے جب کہ 3 ہزار سے زائد طبی رضاکاروں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کورونا سے جاں بحق ہونے والے 10 میں سے 6 ڈاکٹر محض ایک ہی روز 29 نومبر کو کراچی، لاہور اور ملتان میں چل بسے۔
کورونا کا شکار ہونے والے مزید ایک ڈاکٹر محمد فاروق 2 دسمبر کو چل بسے جو خیبرپختونخوا کے شہر بنوں کے خلیفہ گل نواز ہسپتال کے ایڈیشنل ڈائریکٹر تھے۔
گزشتہ ماہ نومبر سے شروع ہونے والی کورونا کی دوسری لہر سے اب تک ملک بھر میں 18 ڈاکٹرز زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا (کے پی) میں گزشتہ ماہ کورونا کے باعث 4 ڈاکٹرز جاں بحق ہوئے تھے۔
زندگی کی بازی ہارنے والے ڈاکٹرز میں پشاور کے طالب علم ڈاکٹر عدنان حلیم، مانسہرہ کے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال کے سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد بشیر، ہری پور کے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر جاوید اقبال اور ایبٹ آباد کے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر راجا آصف شامل تھے۔
رواں برس 3 مارچ سے اب تک ملک بھر میں کورونا کے باعث 154 میڈیکل عہدیدار، 128 ڈاکٹرز اور 26 پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان جاں بحق ہوچکے ہیں۔