لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پیرول کی مدت ختم ہونے پر دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہو گئے۔
جیل واپسی سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما یوسف رضا گیلانی، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر نے شہباز شریف سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
شہباز شریف کااپنے بڑے بھائی نواز شریف سے بھی ٹیلیفونک رابط ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھایا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر مریم نواز، حمزہ شہباز، مونس الٰہی، شافع حسین، کامل علی آغا،شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف،احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے بھی تعزیت کا پیغام پہنچایا۔شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی جلد صحتیابی کی دعا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی اپنے صاحبزادے کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات کر کے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی کی۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی اپنے وفد کے ہمراہ شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کر کے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
شہباز شریف کی مرکزی قیادت سے بھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جیل روانگی سے قبل نواز شریف نے بھی شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ان کے حوصلہ بڑھاتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت کی جبکہ نواز شریف نے بھی بڑے بھائی کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گھر سے جیل روانگی کے موقع پر مریم نواز اور پارٹی کے سینئر مرکزی رہنمابھی موجود رہے۔
اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شہباز شریف کی رہائشگاہ کے باہر پہنچ گئی اور ان کے حق میں نعر ے لگائے جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکنان کوٹ لکھپت جیل بھی پہنچے۔
جوڈیشل پولیس نے انتہائی سخت سکیورٹی میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ماڈل ٹاؤن سے کوٹ لکھپت جیل پہنچایا۔