دنیا اب بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی پر کھل کر بات کر رہی ہے،ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گردی کو پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے۔

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے سنجیدہ لیا، بھارت کو ڈر ہے سی پیک خطے کا گیم چینجر ہے، یہ  منصوبہ پورے خطے سے جڑا ہوا ہے،سی پیک پاکستان کا نہیں پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ ہے۔

 بھارت کی طرف سے سی پیک پہلے سے ہی سیکیورٹی خطرات کا سامنا کر رہا ہے، بھارت سمجھتا ہے رکاوٹیں ڈالنے سے یہ منصوبہ کہیں نہ کہیں جا کر رک جائے گا، بھارت دنیا کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے ایک  انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ڈوزیئر کے اہم نکات اجاگر کر دیئے اور ڈوزیئر سامنے آنے کے بعد پاکستان کا دیرینہ موقف عالمی برادری پر ثابت ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت ڈوزیئر میں سامنے لایا اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے سنجیدہ لیا ہے۔ اسی لیے دنیا اب بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی پر کھل کر بات کر رہی ہے۔

 میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود عالمی فورمز اور ذرائع ابلاغ پر بحث چل نکلی ہے۔ ڈوزیئر کو اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو بھی پیش کیا گیا۔ اب آپ نے دیکھا او آئی سی فورم سے تازہ ترین اعلامیہ سامنے آیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے انٹرویو میں کہا کہ بھارت افغان سر زمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں، وہ سی پیک پر کام کرنے والی چینی افرادی قوت اور مقامی لیبر کو نشانہ بناتا ہے، مگر ان خطرات کے خلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے، چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں۔

، پاکستان نے سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے خاص طور پر دو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے، اس کے علاوہ آٹھ نو ریگولر رجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں۔ 

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا ہمارے چینی پارٹنرز سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی کے انتظامات سے مکمل مطمئن ہیں، سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے، انشااللہ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔

 انہوں نے کہا بھارتی سی پیک کی ٹائم لائن مکمل نہ ہونے دینیکا فیصلہ کرچکے، وہ سمجھتے ہیں رکاوٹیں ڈالنے سے منصوبہ رک جائے گا، بھارت سی پیک کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتا، اس کا مطلب واضح ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ 

میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ بھارت افغان سر زمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں، افغان حکومت کو درپیش مسائل کو تسلیم کرتے ہیں۔
 
مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت دنیا کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔