سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔
سابق جج ارشد ملک کے کزن ایڈووکیٹ ثمر ملک اور بہنوئی وحید جاوید نےان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق جج ارشد ملک ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے، اور ان کا انتقال راولپنڈی کے نجی اسپتال میں ہوا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ مندرہ میں ادا کی جائے گی۔ ارشد ملک کے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ارشد ملک کو لاہورہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ہونے پر عہدے سے برطرف کردیا تھا، اور ارشد ملک نے انتظامی کمیٹی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔