وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمدضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم سے وفاقی وزیرکی ملاقات میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظرمساجد میں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ مذہبی امور کو کورونا کے حوالے سے علماء اور این سی او سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور علماء و مشائخ کو کورونا کے پھیلاؤ کے اعشاریوں کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ دینی مواعظ اور خطبات میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید منبر کے ذریعے ممکن ہو۔
علاوہ ازیں ملاقات میں علماء و مشائخ کونسل کی تنظیمِ نو پر بھی مشاورت ہوئی۔