ایبٹ آباد میں حالیہ دنوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ مریض سامنےآنے کے بعد ملک میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں ایبٹ آباد پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ اس فہرست میں راولپنڈی دوسرے اور کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کےجاری اعداد و شمار کے مطابق شہروں کے اعتبار سے ملک میں سب سے زیادہ کورونا کیسز کی شرح ایبٹ آباد میں ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں کورونا مثبت آنے کی شرح 17.57 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی 15.26 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 14.31 فیصد ہوگئی، حیدرآباد میں 12.13 فیصد، پشاور میں 10.63 فیصد، مظفرآباد میں 10.61 فیصد، کوئٹہ میں 6.42 فیصد، میرپور آزاد کشمیر میں 5.77 جب کہ سوات میں 4.31 فیصد ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.59 فیصد ہوگئی ہے۔ پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.15، سندھ میں 10.74 فیصد ، خیبرپختونخوا میں 9.68 فیصد، بلوچستان میں 10.46 فیصد، گلگت بلتستان میں 3.92 فیصد ، اسلام آباد میں 5.27 فیصد جب کہ آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 11.24 فیصد ہوگئی ہے۔