لکی مروت: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک موجودہ حکومت کا دھڑن تختہ نہیں ہو جاتا، جس کیلئے اب ہم لاہور جائیں گے اور کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے موجودہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، کوئی بھی ہمیں روک نہیں سکتا، پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نا اہل حکمران نہیں آیا، جتنا اس وقت مسلط ہے۔
حکمران سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے بدمعاشوں کے ساتھ جیل میں بند کر رہے ہیں لیکن ہماری تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس حکومت کا دھڑن تختہ نہیں ہو جاتا کیوں کہ ان لوگوں نے ملک کی معیشت مکمل تباہ کردی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت یتیم ہے کیوں کہ اسرائیل کو بالادستی دلائی جا رہی ہے جب کہ ہمارے نااہل حکمرانوں نے بھارت کو خطے میں بالادستی دلا دی ہے، موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو قانونی شکل دے دی ہے، جب تک عالم اسلام پر موجودہ حکمرانوں کی طرح لوگ مسلط ہیں ہم عالم کفر کیلئے آسان شکار ہیں۔