قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سابق کپتان سرفراز احمد میں وہ خوبی دیکھی جو گریم اسمتھ، مائیکل کلارک اور مصباح الحق جیسے عظیم کپتانوں میں بھی نہیں تھی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز عامر سہیل کے یوٹیوب چینل پر یوٹیوب پر گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے سرفراز احمد کو بہترین انسان قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز ایک بہترین لیڈر تھے، مجھے گریم اسمتھ، مائیکل کلارک اور مصباح الحق کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، یہ تمام اچھے لیڈرز تھے لیکن سرفراز میں ایک ایسی چیز تھی جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ میدان میں سرفراز چلاتے تھے اور ڈسپلن قائم رکھتے تھے لیکن ان میں یہ خوبی تھی کہ وہ میدان سے باہر ڈریسنگ روم میں وہ انتہائی بردرانہ انداز میں کھلاڑیوں سے پیش آتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے دیکھا ہے کہ وہ میدان میں کس طرح پیش آتے ہیں لیکن لوگوں نے ڈریسنگ روم میں سرفراز کا دوسرا روپ نہیں دیکھا اور وہاں وہ ایک انتہائی مقبول لیڈر تھے۔
52سالہ کوچ نے کہا کہ ان کے سرفراز کے ساتھ تعلقات بہت اچھے تھے اور انہیں ان کے ساتھ کام کر کے ہمیشہ بہت مزہ آیا۔
انہوں نے سرفراز کی ٹی20 کرکٹ کے حوالے سے تکنیکی معلومات کو بھی سراہتے ہوئے مزید انکشاف کیا کہ سرفراز ہمیشہ گیم سے آگے کا سوچتے تھے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے مکی آرتھر نے اپنے دور کو بہترین قرا دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے کام کے ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہوا اور میں چاہتا تھا کہ جب میں چھوڑ کر جاؤں تو ٹیم ہر شعبے میں پہلے سے بہتر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیت سکتے تھے، مجھے یہ پڑھ کر انتہائی مایوسی ہوتی ہے جب یہ کہا جاتا ہے کہ ہماری ورلڈ کپ کی مہم انتہائی تباہ کن اور مایوس کن رہی، ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کا ہمیں نقصان اٹھانا پڑا اور ہم نے مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ایونٹ کا اختتام کیا۔