لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے تینوں میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے پریس ریلیز کے مطابق اتوار کے روز کوئنز ٹاؤن میں نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران ایک گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی جس کے بعد انھیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔
ہسپتال میں کرائے گئے ایکسرے میں تشخیص ہوئی ہے کہ بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا ہے۔
بابراعظم کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابراعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا۔
انجری کے سبب بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ان کی غیر موجودگی میں لیگ سپنر اور آل راؤنڈر شاداب خان کپتانی کے فرائض سر انجام دیں گے لیکن وہ بھی اپنی ٹانگ میں کھینچاؤ محسوس کررہے ہیں جس کے باعث انھوں نے اتوار کو نیٹ میں باؤلنگ پریکٹس کی بجائے ہلکی بیٹنگ پریکٹس اور فزیکل ٹریننگ کی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔
بابر اعظم کی انجری پر قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل سپورٹس کا حصہ ہیں اور بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا سیریز سے باہر ہونا بہت مایوس کن ہے تاہم یہ سکواڈ میں شامل دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ انھوں نے بابر اعظم کے ساتھ بات کی ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہونے پر بہت افسردہ ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ کوچ مصباح نے کہا کہ ہمیں ابھی آگے بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ بابر اعظم جلد فٹ ہوکر دوبار ہ کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔