ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر اور بالر ہامش بینیٹ پاکستان کے خلاف ہونے والی ٹی -20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ تیزگیندباز لاکی فرگیوسن نے کمر میں فریکچر کی وجہ سے سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔
نیوزی لینڈ اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے جس کے بعد اسے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنی ہے۔
ٹیسٹ ٹیم میں شامل ٹم ساؤتھی، کائل جیمسن , ڈیرل مشیل, مستقل کپتان کین ویلیمسن اور ٹرینٹ بولٹ 20 دسمبر کو ہیملٹن اور 22 دسمبر کو نیپئر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔
نیوزی لینڈ پاکستان سے 3 ٹی ٹونٹی مقابلوں کے علاوہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کی شروعات 26 دسمبر سے ہوگی۔
تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ آیا کین ولیمسن پاکستان کے خلاف سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں کیوں کہ وہ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے چھٹی پر ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھی ہاتھ میں فریکچر کی وجہ سے ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ بابر ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔