دورِ حاضر کے لیجنڈری فٹبالر لائنل میسی نے گزشتہ صدی کے بہترین فٹبالر پیلے کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
اسپینش کلب بارسیلونا سے کھیلتے ہوئے لائنل میسی نے 644واں گول داغ کر ایک کلب کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ان سے قبل ایک کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ گولز بنانے کا ریکارڈ برازیلین لیجنڈری فٹبالر پیلے کے پاس تھا۔
پیلے نے برازیلین فٹبال کلب سانتوس سے کھیلتے ہوئے 643 گول اسکور کیے تھے جو انھوں نے 1954 سے لے کر 1974 تک اپنے اس کیریئر میں اسکور کیے تھے۔
ان کے بعد آج تک کوئی بھی کھلاڑی ایک کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے اتنے گولز بنانے کے ریکارڈ کے قریب تک نہیں پہنچ سکا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عظیم فٹبالر لائنل میسی نے اپنے کلب بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے 643واں گول اسکور کرکے ریکارڈ برابر کیا تھا۔
ایک روز قبل میسی نے اسپینش لالیگا کے میچ میں ریال ویلادولد کے خلاف گول کرکے اس عالمی اعزاز پر بھی اپنا قبضہ جمالیا۔
اس عظیم اعزاز کے حصول کے بعد میسی نے فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ایک فوٹو شیئر کیا جس میں 644 کا ہندسہ نمایا ہے۔