کہاں کہاں بارش، کدھر ہوگی برفباری؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

 

 اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف اضلاع میں پیر سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گااور ہواؤں کا سلسلہ پیر کے روز ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا۔
جس کے بعد پیر اور منگل کے دوران 2021 کی پہلی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے منگل کے دوران کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران گجرات، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ،حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ اور قصورمیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔

 کشمیر، راولپنڈی، جہلم، گجرات، منڈی بہا الدین، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر اور منگل کوگلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، پشاور اور کرم میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، اس دوران میانوالی،خوشاب، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 

 پیر اور منگل کو موسلادھار بارش کے باعث کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔