بہاولپور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر 19 جنوری کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہپی ڈی ایم آزاد جمہوری نظام بحال کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کر کے حکومتیں نہیں چلا کرتی ہیں.لوگ مہنگائی و بیروزگاری سے تنگ آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے بھی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے پی ڈی ایم کے اجلاس کے وقت یہ اتحاد ٹوٹنے کا انتظار کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں تمام فیصلے ایک آواز کیسا تھ ہوئے عوام کے نمائندے وہی ہیں جو پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا پر واضح کریں گے کہ پہلے فلسطین کی آزادی کی بات ہوگی پہلے بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کیا جائے. انہوں نے کہا کہ آج بنگلہ دیش،بھوٹان اور افغانستان جیسے ملک ہم سے آگے نکل چکے ہیں پاکستان واحد ملک ہے جس کی معیشت ڈوب رہی ہے۔
رہنما پی ڈی ایم نے کہا کہ ہمارا موقف اصول پر ہے، ہم نے اصول کی بات کی ہے پارٹیاں بیٹھتی ہیں،مختلف زاویوں سے گفتگو کرتے ہیں ہمارا موقف ایک ہے یہ دھاندلی کی حکومت ہے اسے جانا ہوگا کبھی ہم کارڈ دکھائیں گے، کبھی چھپائیں گے، تم جلتے رہو گے۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ ان لوگوں نے تبدیلی کو مذاق بنا دیا ہے،حکومت کرنی نہیں آتی بیان دیا کہ مجھے حکومت چلانی نہیں آتی، مجھے وقت چاہیے عمران خان کے خلاف تحریک جہاد ہے، پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ ہے.
انہوں نے اعلان کیا کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر 19 جنوری کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔