اسٹیبلشمنٹ نے ریاست کے مفادات کو محفوظ رکھنے کیلئے ہمیشہ منتخب حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ شاہ محمود قریشی

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ منتخب حکومت کا ساتھ دیا ہے،کیونکہ ریاست کے مفادات کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔

ملتان سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بہاولپور میں پی ڈی ایم کے شو میں پاور کہیں نہیں تھی،شرکاء کی اکثریت طلباء کی تھی،جنوبی پنجاب میں کبھی فنڈز کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوئی،وہاں کے عوام کے حقوق ان کے ادوار میں سلب ہوئےجو آج وہاں کے حقوق کیلئے ڈرامہ کر رہے ہیں۔۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو محروم کس نے رکھا،پنجاب میں حکومت کس کی تھی؟، موجودہ حکومت نے اختیارات جنوبی پنجاب میں منتقل کیے ہیں، اب جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور جگہ منتقل نہیں ہو سکیں گے۔

اداروں کی حمایت کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ منتخب حکومت کا ساتھ دیا ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ کو ریاست کے مفادات کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا واقعہ دردناک اور افسوسناک ہے، بے گناہ اور معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں، بھارت ہماری سرحدوں پر چڑھائی کیے ہوئے ہے، وہ دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے، بھارت چاہتا ہے سی پیک میں رکاوٹ ڈالے، بھارت ایسے واقعات کراتا ہے تاکہ لوگوں میں مایوسی پھیلے، ڈس انفو لیب نے بھارت کے اصلی چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔ اپوزیشن بلوچستان پر ساتھ دے نہ کہ جلسے کرتی پھرے، بھارتی بیانیے کی ہاں میں ہاں ملائیں گے تو اس سے دشمن کو تقویت ملے گی۔