حکومت کا تعلیمی ادارے 18 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

 حکومت نے 18 جنوری سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں صوبائی وزراء تعلیم اور دیگر حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اور وزارت صحت کے حکام  نے کورونا کی تازہ صورتحال پر انہیں بریفنگ دی۔

کانفرنس میں وزارت صحت کی سفارش کی روشنی میں تعلیمی ادارے 11 جنوری سے  کھولنے کا فیصلہ کرلیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 11 جنوری سے کھولے جائیں گے جب کہ یکم فروری سے یونیورسٹیز کھولی جائیں گی۔
اجلاس میں مئی کے آخری ہفتے اور جون کے ابتدائی ایام میں ہونے والے بورڈ امتحانات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ موسم سرما و گرما کی چھٹیوں میں کمی پر بھی غور کیا گیا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں  نیا تعلیمی سال 21 اگست سے شروع کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا اور قومی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

دوسری جانب ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد میں مسلسل دوسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا سے 39 افراد  انتقال کرگئے جبکہ 1895 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ ایک دن میں مزید  ایک ہزار 797 افراد نے کورونا کو شکست دے دی تاہم اب بھی ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار سے زائد ہے۔