قبائلی اضلاع سمیت خیبر پختونخوا بھر کے آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا فیصلہ

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے  قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھرکی تمام مساجد کے آئمہ کرام کوماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلی محمود خان کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تقریبا 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ ان اعزازیوں پر ماہانہ تقریبا 22 کروڑ 72 لاکھ جبکہ سالانہ ڈھائی ارب سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔

وزیراعلی محمود خان نے ہدایت کی کہ اگلے مالی سال کے آغاز سے آئمہ کرام کو اعزازیوں کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جائیں۔

وزیراعلی نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے بھر کے مساجد اور مدارس کو شمسی توانائی کی فراہمی کے علاوہ ان کی دیگر ضروریات بھی ترجیحی بنیادوں پر پورے کی جائیں۔

واضح رہے کہ سابقہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی پچھلی حکومت میں  آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر بعد میں وی سیز و این سیز کے سیکرٹریز کے ذریعے ڈیٹا بھی جمع کیا گیا تھا۔لیکن صوبہ کے مالی مشکلات کے باعث پھر یہ منصوبہ بیک سائیڈ پہ چلا گیا۔