سپریم کورٹ کی حکومت کو نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت

 سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو مستقل سیکرٹری قانون تعینات کرنے اور 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ میں 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کے کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے مستقل سیکرٹری قانون کی عدم تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو مستقل سیکرٹری قانون تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون کو ایڈہاک ازم پر نہیں چلایا جا سکتا۔

سپریم کورٹ نے 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ احتساب عدالتوں کے قیام کو کیوں لٹکایا جا رہا ہے؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل سہیل محمود نے بتایا کہ وزارت خزانہ اور اسٹبلشمنٹ سے منظوری ہوچکی، گیارہ جنوری سے عملے کی بھرتیاں شروع ہونگی۔

سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس کا فیصلہ رواں ماہ ہی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب اور حکومت سے پیشرفت رپورٹس طلب کرلی۔ کیس کی مزید سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔