جسٹس قیصررشید خان پشاورہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس تعینات 

پشاور:صدر مملکت نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے بعد جسٹس قیصررشید خان کوپشاورہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات کردیا ہے۔

 اس ضمن میں وزارت قانون وانصاف کیجانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے پشاورہائیکورٹ کے سینئرترین جج اورقائم مقام چیف جسٹس جسٹس قیصر رشید خان کو مستقل چیف جسٹس تعینات کردیا ہے۔

سابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی وفات کے بعد چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کی پوسٹ خالی ہوگئی تھی جسکے بعد جسٹس قیصررشید خان کو قائمقام چیف جسٹس مقرر کیا گیاوہ چیف جسٹس کی حیثیت سے جلد حلف اٹھائیں گے۔

پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشیدخان 31مارچ 1961کو ملاکنڈ کے گاؤں تھانہ میں پیدا ہوئے تھے۔

 چیف جسٹس قیصررشیدخان نے سکینڈری ایجوکیشن کیڈٹ کالج کوہاٹ سے 1976اورایف ایس سی اسلامیہ کالج پشاورسے 1978میں حاصل کی تھی۔

اسلامیہ کالج پشاورسے 1981میں گریجویشن، لاء ڈگری خیبرلاء کالج پشاور سے 1984اورپشاوریونیورسٹی سے پولٹیکل سائنس اور جرنلزم میں ماسٹرکی ڈگریاں حاصل کیں۔

جسٹس قیصررشید نے 1984سے پروفیشنل کیرئیرکا آغاز کیا۔وہ صوبائی بارکونسل کے دوبار ممبر منتخب ہوئے جبکہ 3نومبر2007میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد انہیں 3ایم پی او کے تحت وہ پہلے وکیل تھے جنہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

 چیف جسٹس قیصررشید 2011میں ایڈیشنل جج بنے جبکہ 2012میں ممبرسب آرڈینیٹ جوڈیشری سروس ٹریبیونل جبکہ 2013میں انسپکشن جج ڈسٹرکٹ بونیر، دیراپر،شانگلہ مقرر ہوئے۔

وہ 2013میں پشاورہائیکورٹ کے جج جبکہ 2014میں انچارج جج ہائیکورٹ ایڈمنسٹریشن مقرر ہوئے۔

 چیف جسٹس قیصر رشید 2008سے 2010تک ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بھی رہے جبکہ لیگل ایڈوائزر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔