کوئٹہ: سانحہ مچھ کے خلاف متاثرین کا میتوں سمیت احتجاج چھٹے روزمیں داخل ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق شدید سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے مظاہرین کی جانب سے وزیراعظم کی آمد تک لاشوں کودفنانے سے تاحال انکارکیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے شہداء کمیٹی اوردھرنا منتظمین کی ہنگامی پریس کانفرنس بھی ہوئی۔
متحدہ وحدت المسلمین کے رہنما آغا رضا نے کہا کہ دھرنے سے متعلق خاص طبقہ منفی پروپگینڈہ کر رہا ہے، وزیراعظم آئیں گے انہیں عزت دی جائے گی۔
دوسری جانب شہرقائد میں بھی سانحہ مچھ کے خلاف 26 مقامات پردھرنا جاری ہے
دھرنے کے پانچویں روز مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری وفود کے ہمراہ دھرنےکے شرکا کے پاس پہنچے اور ان سے تعزیت کی۔
اس سے قبل وفاقی وزرا شیخ رشید، علی زیدی، معاون خصوصی ذلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی دھرنے کے شرکا سے میتوں کی تدفین کے لیے مذاکرات کرچکے ہیں لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔