سانحہ مچھ :حکومت سے مذاکرات کامیاب،متاثرین میتوں کی تدفین پررضامند

کوئٹہ: حکومت اورہزارہ برادری  کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد سانحہ مچھ  کے متاثرین دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین پر رضامند ہوگئے، تدفین آج ہوگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر علی زیدی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے دھرنے کے شرکا سے ایک بار پھر مذاکرات کیے جس کے بعد لواحقین نے 6 روز کے دھرنے کےبعد میتوں کی تدفین پر رضا مندی ظاہر کردی۔

اس حوالے سے بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے، متاثرین میتوں کی تدفین آج ہی کردیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مظاہرین نے ہماری بات مان کر ہمیں اور بلوچستان کو عزت دی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی جلد ان سے آکر ملاقات کریں گے

بلوچستان کےوزیراعلیٰ نے کہا کہ جس نظام میں انصاف نہ ہو اس میں برکت نہیں ہوتی اور یہاں سانحہ کے متاثرین نے انصاف کے لیے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چیزوں کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

علاوہ ازیں شہدا ایکشن کمیٹی کے رہنما آغا رضا نے کہا کہ ہم نے شہدا کے لواحقین کے لیے دھرنا دیا اور ان کے مطمئن ہونے پر ہی دھرنا ختم کررہےہیں، اپنے شہدا کی تدفین پورے تقدس کے ساتھ کریں گے۔

آغا رضا نےملک بھر میں دھرنا دینے والوں سے اپیل کی کہ ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئےہیں جس کے بعد تمام دھرنے پر امن طور پر ختم کردیے جائیں۔