کوئٹہ:مچھ میں قتل کئے گئے کان کنوں کی نماز جنازہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ادا کردی گئی۔
جنازے میں ہزارہ برادری کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری، وفاقی وزیر علی زیدی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور دیگر صوبائی وزرا نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جاں بحق افراد کی تدفین ہزارہ قبرستان میں کی جائے گی۔
واضح رہےکہ تین جنوری کے روز بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 کان کنوں کو کوئلہ فیلڈ میں مسلح افراد نے قتل کیا تھا جس کے بعد ان کے ورثا نے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ میں 6 روز دھرنا دیا اور وزیراعظم کی آمد کا مطالبہ کیا۔حکومتی مذاکراتی ٹیم اور دھرنے کے شرکا میں گزشتہ رات مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد لواحقین نے میتیں دفنانےپر آمادگی ظاہر کی اورتمام مطالبات تسلیم کرنے کی حکومتی یقین دہانی کے بعد ہزارہ برادری نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مچھ شہداء کی تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوئٹہ آمد متوقع ہے۔