وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مچھ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نور خان ائیر بیس سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے اور وزیر داخلہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آمد کے بعد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے جہاں پولیس دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے اور انہیں سانحہ مچھ سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سانحہ مچھ کے متاثرین سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم ہزارہ عمائدین سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات سنیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ مچھ میں پیش آئے سفاکانہ قتل کے واقعے کے بعد خصوصی طور پر کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے بھی کچھ دن قبل ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میں بہت جلد کوئٹہ پہنچوں گا۔
قبل ازیں مچھ واقعے میں قتل کیے گئے کان کنوں کی تدفین کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں کردی گئی، اس دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ رات گئے حکومت اور ہزارہ برادری کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین نے 6 روز سے جاری دھرنے کو ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا اعلان کیا تھا۔