جسٹس قیصر رشید خان نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اُٹھالیا

پشاور:جسٹس قیصررشیدخان نے پشاور ہائیکورٹ کے 26ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیاہے۔ 

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے جسٹس قیصر رشید خان سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ 

اس سلسلے میں گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان،صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، قلندرخان لودھی،سلطان محمد، مشیر اطلاعات کامران بنگش، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثنا ء اللہ عباسی، پشاور ہائیکورٹ کے ججز، سینئر وکلاء سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ 

سابق چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ 12نومبر2020کو وفات پاگئے تھے جسکے بعد چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔ 

قیام پاکستان کے بعد جسٹس قیصررشیدخان صوبے کے 26ویں مستقل چیف جسٹس تعینات کئے گئے ہیں۔ 

ان کا تعلق ملاکنڈ کے گاؤں تھانہ سے ہے اوروہ 31مارچ 1961کو پیدا ہوئے تھے۔ 

جسٹس قیصررشید نے 1984سے پروفیشنل کیرئیرکا آغاز کیااور2011میں ایڈیشنل جج بنے جبکہ 2013میں پشاورہائیکورٹ کے جج مقرر کئے گئے۔