اسلام آ باد: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ ملک میں 500 اور 220 کے وی گرڈ اسٹیشنز سے بجلی بحال ہو گئی ہے۔
این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق پشاور، اسلام آباد، جہلم،گجرات، سرگودھا، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال اور ملتان کے علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ دیگر شہروں میں بھی بجلی کی بتدریج بحالی کے لیے این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے ملک میں گزشتہ رات ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجوہات کے تعین کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
اس کی تشکیل ایم ڈی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے کی گئی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق گدو میں ہفتے رات 11 بج کر 41 منٹ پر فنی خرابی ہوئی جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اور سسٹم کی فریکونسی 50سے 0 پر آگئی۔
فریکوئنسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ملک میں اب تک بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی۔