ریاض : سعودی حکومت نے مملکت میں پیدا ہونے والے بچے کی ایک سال تک پرورش کے بعد اسے پاکستانی والدین کو دے دی ایئرپورٹ پر والدین فرط جذبات سے روپڑے۔
سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے دوران پاکستانی جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کو ایک سال بعد پاکستان میں موجود والدین کے حوالے کردیا گیا جو قبل از وقت پیدائش کے بعد خرابی صحت کی وجہ سے مکہ مکرمہ کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سال قبل پاکستانی میاں بیوی کو کورونا کی وبا کے پیش نظر واپس پاکستان لوٹنا پڑا تو ان کی غیر موجودگی میں ایک سال تک بچے کی دیکھ بھال سعودی حکومت کرتی رہی۔
گزشتہ روز ایک سالہ عبداللہ ولد غلام حیدر کو جدہ سے طیارے کے ذریعے کراچی اور پھر کوئٹہ پہنچا کر ائیر پورٹ پر والد غلام حیدر اور والدہ حاجرہ بی بی کے حوالے کیا گیا تو وہ جذبات سے سرشار دکھائی دئیے اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہتے رہے۔۔