محمد حفیظ اور سرفراز احمد کے درمیان لفظی جنگ، پی سی بی کو مداخلت کرنا پڑگئی

محمد رضوان کو نمبر ون وکٹ کیپر قرار دینے پر محمد حفیظ اور سرفراز احمد آمنے سامنے آگئے جس کے بعد ٹیم منیجمنٹ کو مداخلت کرنا پڑگئی۔

خیال رہےکہ قومی کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں محمد رضوان کو کھیلتا ہوا دیکھتا آرہا ہوں، انہوں نے بہت اچھی پرفارمنسز دی ہیں اس لیے مجھے کبھی شک نہیں ہوا کہ وہ پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے یہ بحث اب ختم ہو جانی چاہیے کہ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کا ٹاپ آرڈر بیٹسمین نہیں، انہوں نے ثابت کیا ہےکہ وہ رنز کرنا جانتے ہیں۔

محمد حفیظ کے بیان پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ حفیظ بھائی صاحب، امتیاز احمد سے لیکر محمد رضوان تک جتنے بھی وکٹ کیپر پاکستان کے لیے کھیلے سب نمبر ون ہیں اور سب کو عزت ملنی چاہیے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم محمد رضوان کے پیچھے کھڑے ہیں اور خواہش ہےکہ وہ پاکستان کے لیے کئی مزید اچھی اننگز کھیلے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ اور آئندہ بھی جس کوپاکستان کے لیے موقع ملے گا وہ نمبر ون ہی ہو گا، ہمیں ایک پروفیشنل کرکٹر سے جس نے پاکستان کے لیے بہت سے میچز کھیلے ہیں اس سے صرف مثبت چیزوں کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نےمحمد حفیظ اور سرفراز احمد سے بیانات کےمعاملے پرگفتگو کی اور کرکٹرز کو بیانات کے ذریعے تنازعات میں نہ پڑنے کی ہدایت کی۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہےکہ ٹیم مینجمنٹ نےکرکٹرز سے بات کرکے معاملہ رفع دفع کرا دیا، پی سی بی عہدیدار ان بیانات پر ناخوش تھے۔