لاہور:پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
پاکستان نے 165 رنز کا ہدف18.4اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 44، محمد رضوان 42، رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
محمد نواز مین آف دی میچ اور محمدرضوان مین آف دی سیریز قرار پائے‘ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں محمد نواز نے ریزا ہینڈرکس کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ اگلے اوور میں اسپنر نے جے جے اسمٹس کا بھی کام تمام کردیا۔جینمین ملان اور پائٹ وین بلجون نے اسکور 41 تک پہنچایا، بلجون نے حسن علی کو لگاتا تین چوکے لگائے لیکن چوتھی گیند پر حسن نے انہیں بولڈ کر دیا۔
اس موقع پر اسپنر زاہد محمود کو بالنگ کیلئے لایا گیا جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں جنوبی افریقی کپتان کو گولڈن ڈک پر شکار کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر 27 رنز بنانے والے ملان کو بھی چلتا کردیا۔
اگلے اوور میں عثمان قادر نے ایندائل فلکوایو کو بھی چلتا کرکے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلا دی۔زاہد محمود نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے ڈیوین پریٹوریس کو بھی اپنا شکار بنا لیا۔
65رنز پر 7وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کی بساط جلد ہی لپٹ جائے گی لیکن ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
تجربہ کار ڈیوڈ ملر نے جارحانہ انداز اپنایا اور بیجورن فورٹئین کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، بیجورن 10رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ملر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ناصرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ جنوبی افریقہ کی اچھے اسکور تک رسائی بھی یقینی بنائی۔جارح مزاج بلے باز نے اننگز کے آخری اوور میں 4چھکوں سمیت 25رنز بنائے اور 45گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 164رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے تین جبکہ حسن علی اور محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور حیدر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 51 رنز کا اوپننگ سٹینڈ مہیا کیا۔
حیدر علی 15 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد محمد رضوان بھی 73 رنزکے مجموعی سکور پر 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کا تیسرا آؤٹ ہونے والا کھلاڑی حسین طلعت تھا جو پانچ رنز بنا کر شمسی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ پاکستان کا بڑا نقصان اس وقت ہوا جب بابر اعظم 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 117 رنز پر گری جب آصف علی بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان نے 165 رنز کا ہدف18.4اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔محمد نواز 18 جبکہ حسن علی 20 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ محمد نواز جبکہ مین آف دی سریز کا انعام محمد رضوان کو دیا گیا۔