کشمیرپریمیئرلیگ کا ترانہ “کھیلوآزادی سے “ جاری کردیا گیا ہے جس میں اسٹارز کی ایک بڑی تعداد ایک ساتھ جلوہ گرہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیر لیگ کا ترانہ “کھیلوآزادی سے “ جاری کر دیا گیا ہے جسے بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے گایا ہے
رپورٹس کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی گانے میں شوبز اور اسپورٹس اسٹارز کی ایک بڑی تعداد ایک ساتھ جلوہ گر ہوئی ہے۔
بی فار یو (B4U) کے تعاون سے جاری ہونے والے کشمیر پریمیئرلیگ کے اینتھم نے لانچ کے ساتھ ہی مداحوں کے دل جیت لیے ہیں، بوم بوم شاہد آفریدی ،سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ، سکسر کنگ عمران نذیر، معروف اداکار شان شاہد، فلم ڈائریکٹر ندیم بیگ، فلمسٹارزمہوش حیات ،ایمان علی، جگن کاظم، عائشہ عمر، فضا علی، صاحبہ، گل پنڑا اور نیلم منیر سمیت سابق اسکواش ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان ، اسپورٹس اینکر مرزا اقبال بیگ، انعام بٹ پہلوان، شفیق چشتی پہلوان، فلائنگ ہارس سمیع اللہ، محمد وسیم باکسر اور گلوکار راحت فتح علی خان سمیت متعدد ستارے کھیلو آزادی کے سونگ میں روشنیاں بکھیر رہے ہیں۔
پاکستان کے اسپورٹس ہیرو وسیم اکرم نے بھی آج کشمیرپریمیئر لیگ میں نائب صدر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کر لی ہے۔ کشمیر پریمیئرلیگ کے لئے وسیم اکرم کی شمولیت اہم ثابت ہوگی۔ سابقہ کرکٹ لیجنڈ نے کشمیر پریمیئر لیگ اور آزادی ترانہ کا حصہ بننے پر خوشی اور جوش وخروش کا اظہار کیا ہے
کشمیر پریمیئرلیگ اینتھم جاری ہونے کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ میں کشمیر پریمیئر لیگ کا انتظار مزید شدت اختیارکرگیا ہے
واضح رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا پہلا ایڈیشن سولہ مئی سے ستائیس مئی تک کھیلا جائے گا۔ کشمیرپریمیئر لیگ میں کل چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں مظفر آباد ٹائیگرز ،میرپور رائلز،راولاکوٹ ہاکس،کوٹلی پینتھرز،باغ سٹالیئنز اور اوور سیز واریئرز شامل ہیں، بوم بوم شاہد آفریدی مظفر آباد ٹائیگرز ،محمد حفیظ کوٹلی پینتھرز ،سرفراز احمد اوور سیز واریئرز کے آیئکون پلئیرز ہیں۔اس کے علاوہ ، کے پی ایل کو KheloAazadiSe# ہیش ٹیگ کے ساتھ نامزد کیا گیا ہے جو کہ کشمیری عوام کے ساتھ وابستگی کا مظہر ہے۔